ایرانی صوبہ ہرمزگان سے حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حجت الاسلام و المسلمین عبادی زاده نے رودان شہر میں موجود ’’امامزاده شاه قطب الدین‘‘ میں منعقدہ عزاداری کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: عاشورا نے بشریت کو سب سے قیمتی ’’انسانی درس‘‘ کی تعلیم دی ہے۔
بندر عباس کے امام جمعہ نے کہا: عزاداری کا مطلب شہداء اسلام کی تحریک میں شمولیت ہے کہ جنہوں نے دینِ خدا کی خاطر اپنی عزیز جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ عزاداری اور سینہ زنی کرنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ وفاداری کا اعلان کر رہے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ آج ہمارا دین عاشورا اور عاشورایوں کی اقدار کے مرہونِ منت ہے، کہا: آج اگر ہم انقلابِ اسلامی سے پہلے کے ایام پر ایک مختصر نظر دوڑائیں تو یہ بات واضح ہے کہ انقلابِ اسلامی کی کامیابی بھی عاشورا سے درس لینے اور مکتبِ عاشورا نے انقلابِ اسلامی کو جو طاقت عطا کی تھی اس کے سبب ممکن ہوئی ۔ لوگوں نے حسین بن علی(علیہ السلام) کے شعار اور نعروں کے ساتھ انقلابی تحریک کو شروع کیا اور انقلاب لائے۔
ہرمزگان میں نمائندہ ولی فقیہ نے مزید کہا: اسلام و قرآن کے دشمن ان دنوں اپنی پوری طاقت کے ساتھ عاشورا کی اقدار میں مختلف شبہات کو ایجاد کر رہے ہیں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ چونکہ وہ عاشورا سے ہراساں ہیں۔ انہیں معلوم ہے کہ عاشورا کا یہ اہم اور قیمتی اقدام دنیا کو ہلا کر رکھ سکتا ہے۔
عبادی زاده نے کہا: فلسفه عزاداری یہ ہے کہ ہم سید الشہداء(سلام اللہ علیہ) کے وسیلہ سے کمال تک پہنچیں اور دنیا کو اپنی مطلوبہ منزل تک پہنچانے کے لئے راہِ حل تلاش کریں۔
انہوں نے آخر میں کہا: عاشورای ابا عبداللہ(علیہ السلام) تمام مظلوموں کے قلوب کو اپنی طرف جلب کر سکتا ہے اور اسی طرح کفر کی دنیا کو چیلنج کر سکتا ہے۔